دنیا نے جان لیا کہ پاکستان اپنے دفاع میں ایک قدم پیچھے نہیں ہٹے گا،وزیراعلیٰ پنجاب

 


لاہور: وزیر اعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف نے وزیر اعظم شہباز شریف کے یوم تشکر منانے کے فیصلے کا خیر مقدم کرتے ہوئے کہا کہ اللہ تعالیٰ کے شکر گزار ہیں کہ دشمن کے ناپاک ارادوں کو خاک میں ملایا گیا۔ انہوں نے کہا کہ آج کا دن صرف شکرگزاری کا نہیں بلکہ غیرت، جرأت اور قومی وحدت کی فتح کا دن ہے۔

مریم نواز شریف نے پاک فوج کو بہادر، پروفیشنل اور باصلاحیت ادارہ قرار دیتے ہوئے کہا کہ افواجِ پاکستان نے بھارتی جارحیت کا جواب صرف گولی سے نہیں، حکمت سے دیا۔ انہوں نے کہا کہ شاہینوں نے دشمن کے طیارے گرا کر دنیا کو پیغام دیا کہ پاکستان کا دفاع ناقابل تسخیر ہے۔ دنیا نے جان لیا کہ پاکستان اپنے دفاع میں ایک قدم پیچھے نہیں ہٹے گا۔

وزیر اعلیٰ پنجاب نے جوانوں کو سلام پیش کرتے ہوئے کہا کہ انہوں نے دشمن کی آنکھوں میں آنکھیں ڈال کر بتایا کہ پاکستان پر امن ہے، کمزور یا بزدل نہیں۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان کی قیادت مخلص ہے، قوم متحد اور افواج ناقابل شکست ہیں۔ شہداء کی قربانیوں کو رائیگاں نہیں جانے دیں گے۔

مریم نواز شریف نے نوجوانوں کو تعلیم، ہنر اور ٹیکنالوجی سے ایمپاور کرنے کا عزم ظاہر کرتے ہوئے کہا کہ ایسا پاکستان بنائیں گے جسے کوئی دشمن میلی آنکھ سے دیکھنے کا تصور نہ کر پائے۔


Comments